
خلیج اردو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر منگل کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا پہنچ گئے، جہاں ان کے استقبال کے لیے احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔ ٹرمپ اپنے دورے کے دوران بحرالکاہل اور ہند بحرالکاہل خطے کے اہم ممالک پر مشتمل کواڈ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جو دو سال بعد منعقد ہورہا ہے۔
ٹرمپ کا ایشیائی دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ان کی ریپبلکن پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ چین پر جاسوسی کے الزامات اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں استعمال ہونے والی چپس تک چینی رسائی پر نئی امریکی پابندیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ بندی بھی دباؤ کا شکار ہوسکتی ہے۔ دورے کے دوران ٹرمپ شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم میں شرکت اور چین و روس کے صدور کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی کریں گے۔
منیلا میں مظاہرین مسلسل پانچویں روز احتجاج کررہے ہیں۔ مظاہروں کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے علامتی پتلے نذر آتش کیے گئے، مشرق وسطیٰ کی جنگ ختم کرنے اور امریکا کی قیادت میں قائم کیے جانے والے سپلائی چین منصوبے پیکس سلیکا کو ختم کرنے کے مطالبات بھی کیے گئے۔
فلپائن پہنچنے کے بعد ٹرمپ آسیان کے خصوصی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ ان کی اہم ملاقات امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت پر مشتمل کواڈ گروپ کے رہنماؤں سے ہوگی۔ یہ ٹرمپ کی صدارت میں کواڈ کا پہلا اجلاس ہوگا، جبکہ سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اس گروپ کو اپنی خارجہ پالیسی کے اہم اقدامات میں شامل رکھا تھا۔
کواڈ اجلاس چین کے صدر شی جن پنگ کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم سے پہلے منعقد ہورہا ہے۔ چین ماضی میں کواڈ کو اپنے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش قرار دیتا رہا ہے، تاہم گروپ کے رکن ممالک کا مؤقف ہے کہ یہ اتحاد کسی ایک ملک کے خلاف نہیں بنایا گیا۔
سابق امریکی نائب وزیر خارجہ کرٹ کیمبل نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کواڈ اجلاس دوبارہ منعقد کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق چین اور روس کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات سے قبل کواڈ اجلاس کا انعقاد خطے میں امریکی تعلقات اور شراکت داری کے حوالے سے اہم پیغام دے سکتا ہے۔ جاپانی حکام کے مطابق اجلاس میں بحری سلامتی، برآمدی پابندیوں، اہم معدنیات کی سپلائی چین، مصنوعی ذہانت، زیر سمندر مواصلاتی کیبلز، جدید ٹیکنالوجی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی نے آسیان ممالک کے ساتھ اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اہم معدنیات کی سپلائی چین مضبوط بنانے، مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی اقتصادی استحکام کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرے گا۔
ٹرمپ منگل کو تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چارن ویراکول کے ساتھ باہمی تجارت سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر دستخط بھی کریں گے۔ تھائی میڈیا کے مطابق اس میں تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر ہوگا۔ امریکا تھائی لینڈ کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے، جہاں رواں سال تھائی برآمدات کا 24 فیصد حصہ بھیجا گیا۔
امریکی صدر بدھ کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ چین کے شہر شینزن روانہ ہوں گے۔







