
خلیج اردو
ایران نے امریکا کی جانب سے اپنی شرائط تسلیم کیے جانے کی صورت میں دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش کردی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کے دو روزہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق تہران پاکستان کے ثالثی کردار سے مطمئن ہے اور اسلام آباد کی سفارتی کوششوں پر اعتماد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازع کا حل دھمکیوں اور فوجی کارروائیوں کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے۔ ایران پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کو سراہتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے باعث خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ پیدا ہوا ہے۔ علاقائی ممالک کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے اور خطے میں عدم جارحیت پر مبنی سلامتی کا نظام قائم کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایرانی ڈیموں کو میزائل اڈوں سے منسلک کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل مزید حملوں کے جواز پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف حالیہ امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں میں پانی ذخیرہ کرنے والے ڈیموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث شہری آبادی اور رہائشی علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی یا منقطع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی نئی جارحیت کا جواب دینا جانتا ہے اور اس کا ردعمل ناقابلِ فراموش ہوگا۔
ایرانی ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی اصولوں کی خلاف ورزیوں پر خاموشی اختیار نہ کرے۔






