
خلیج اردو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام اور سندھ کی تقسیم سے متعلق تجاویز کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ زبردستی سندھ کی تقسیم کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر خون بہے گا۔ انہوں نے نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی تائید سے بننے والے نئے صوبوں کے خلاف نہیں، تاہم کسی صوبے کی تقسیم زور زبردستی سے نہیں ہونی چاہیے۔
میٹ دی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی انتخاب نہیں جیتے۔ ریفرنڈم کی بات نہیں بلکہ نیت کی بات ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانا تباہ ہونے والے نظام کا حل نہیں۔ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے بھائی محسن نقوی کیا کرنا چاہتے ہیں، تاہم اگر صوبے نہیں رہیں گے تو این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم کا کیا ہوگا؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ ریفرنڈم کی تجویز دینے کا مطلب ہے کہ آپ غیر آئینی طریقہ تلاش کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کسی بھی غیر آئینی اقدام کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ ان کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم ہمیشہ غیر قانونی کاموں کے لیے کرایا گیا، جبکہ سندھ کے عوام ان کے کہنے پر بھی صوبے کی تقسیم کے حق میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس کم از کم اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنے وزیر کو کنٹرول کرسکیں۔ اس معاملے پر پارلیمنٹ تو دور، وفاقی کابینہ میں بھی بحث نہیں ہوئی، لیکن ایک وفاقی وزیر خود ہی نئے صوبے بنانے کی بات کر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ صوبوں کے وسائل پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے اور پھر سوال کیا جاتا ہے کہ صحت کا نظام کمزور کیوں ہے یا سڑکیں ٹوٹی ہوئی کیوں ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے، جو انہیں نہیں مل رہا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کل ان کا مؤقف تبدیل ہوجائے اور وہ اپنی جماعت سے صوبے کی تقسیم کے حق میں ووٹ دینے کا کہیں تو ان کی جماعت میں بغاوت ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے علاقے کے وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں، لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ گھر کے وزیراعلیٰ بھی نہیں بن سکیں گے۔






