پاکستانی خبریں

اینکر ربیعہ احسن کو گولی جان بوجھ کر ماری گئی یا حادثاتی طور پر چلی؟ پولیس نے اہم شواہد فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے

خلیج اردو
راولپنڈی میں 92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ تفتیش میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ربیعہ کو گولی ملزم احسن طاہر نے ماری، تاہم فائر جان بوجھ کر کیا گیا یا حادثاتی طور پر چلا، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی او نے بتایا کہ ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔ کیس کی تفتیش پیشہ ورانہ ٹیم کر رہی ہے، جس کی نگرانی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کر رہے ہیں۔ اہم شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ مختلف افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔

حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق تمام شواہد فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ملزم احسن طاہر کا پولی گراف ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کیس میں صرف ایک ملزم ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تفتیش مکمل کرکے کیس میں سو فی صد انصاف کیا جائے گا۔

ربیعہ کے اہلِ خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے یا ممکنہ سمجھوتے سے متعلق سوال پر سی پی او نے کہا کہ یہ عدالتی معاملہ ہے اور اس میں پولیس کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق اگر لواحقین ملزم سے سمجھوتہ کرتے ہیں تو اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

واضح رہے کہ عدالت نے 14 نومبر کو ملزم احسن طاہر کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ اور احسن نے 2010 میں پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ایک نجی بینک میں بھی ساتھ کام کرتے رہے تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے موبائل فونز کے تجزیے میں باہمی ناراضی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ ملزم نے بھی ازدواجی زندگی میں مسلسل خراب تعلقات کے دعوے کی تردید کی ہے۔ ملزم کے مطابق سیلون کی دو ملازم خواتین کے درمیان تنازع کے باعث میاں بیوی میں ناراضی پیدا ہوئی تھی، تاہم بعد میں معاملات بہتر ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹر 2 میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی تھیں۔ ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے وقت ان کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں۔ کمرے سے فائرنگ کی آواز سن کر بہن اندر پہنچیں تو ربیعہ خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں، جبکہ احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے علاوہ پستول اور گولیاں بھی تحویل میں لے لی تھیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button