متحدہ عرب امارات

جینسن ہوانگ کا پانچ دن بعد ہی اینویڈیا کے سی ای او کے عہدے پر واپسی کا عندیہ، بورڈ کی منظوری سے دوبارہ ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار

خلیج اردو
اینویڈیا کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ نے عہدے سے علیحدگی کے صرف پانچ روز بعد دوبارہ کمپنی کی سربراہی سنبھالنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی کا بورڈ اسے ادارے کے بہترین مفاد میں سمجھے تو وہ دوبارہ سی ای او بننے پر فخر محسوس کریں گے۔

جینسن ہوانگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں اینویڈیا کے ملازمین، سرمایہ کاروں، کاروباری شراکت داروں اور صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں پیغامات موصول ہوئے ہیں، جن میں ان سے واپس آنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ان کی عہدے سے علیحدگی کے بعد ایلون مسک سمیت متعدد کاروباری شخصیات نے ان کی واپسی کا مطالبہ کیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا کہ انہیں ہوانگ کی اینویڈیا میں واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ٹرمپ نے ان کے خلاف جاسوسی سے متعلق الزامات کی اہمیت بھی کم کرکے پیش کی۔

جینسن ہوانگ نے کہا کہ انہوں نے کمپنی کے بورڈ کے لیے مسائل پیدا کیے، جس پر انہیں گہرا افسوس ہے اور وہ اپنی غلطیوں کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے بورڈ کی جانب سے شروع کی گئی آزادانہ تحقیقات میں مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ہوانگ جمعرات کو اینویڈیا کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔ ان کی علیحدگی کے پس منظر میں ازدواجی تعلقات سے باہر مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن میں ایک مبینہ چینی جاسوس سے تعلق کا معاملہ بھی شامل تھا۔ اس پیش رفت نے چین کو اینویڈیا کی جدید مصنوعی ذہانت کی چپس کی برآمدات اور قومی سلامتی سے متعلق خدشات کو جنم دیا۔

چین اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی میں عالمی برتری کی دوڑ جاری ہے۔ امریکا نے مصنوعی ذہانت کے لیے انتہائی اہم جدید سیمی کنڈکٹر چپس کی چین کو برآمدات پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

اس تنازع کے بعد اینویڈیا کے حصص کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کمپنی، جو حال ہی میں دنیا کی سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی لسٹڈ کمپنی تھی، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے مرکز میں رہی ہے۔ اس شعبے کی تیزی نے عالمی مالیاتی منڈیوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے اور معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کیا ہے۔

اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اینویڈیا کی مارکیٹ ویلیو میں 700 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب جینسن ہوانگ کو قومی سلامتی سے متعلق خدشات پر یکم دسمبر کو امریکی قانون سازوں کے سامنے پیش ہوکر سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔

اپنے بیان میں ہوانگ نے امریکا آمد اور اینویڈیا کے قیام سے اب تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چپ بنانے والی یہ کمپنی ان کی زندگی کا سب سے بڑا کام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 53 سال پہلے امریکا آئے تھے اور امریکی شہری بننا ان کی زندگی کے عظیم ترین تحائف اور قابل فخر لمحات میں سے ایک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے سوا دنیا میں کہیں بھی اینویڈیا جیسی کمپنی کا قیام ممکن نہیں تھا۔ ہوانگ نے اپنے خیرخواہوں کا حمایت پر شکریہ ادا کیا اور خاندان کے نام پیغام میں کہا کہ وہ اپنی باقی زندگی اس محبت کے قابل بننے کی کوشش کرتے رہیں گے جو انہیں اپنے اہل خانہ سے ملی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button