
خلیج اردو – پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان نے ملزم کے 500 درہم واپس کرنے تھے، لوٹانے میں دیر پر ملزم نے شرمناک حرکت کر دی
تفصیلات کے مطابق 23 سالہ پاکستانی نوجوان نے اپنے ساتھی ملازم سے 500 درہم کی رقم ایک ماہ کے اُدھار پر لی۔ تاہم وہ مطلوبہ وقت پر یہ رقم واپس نہ لے سکا۔ جس کے بعد 27 سالہ ملزم نے طیش میں آ کر اپنے ساتھی کی نہاتے ہوئے ویڈیوزاور تصاویر بنا لیں اور انہیں اس کے پاکستان میں مقیم بھائی کو واٹس ایپ پر بھجوا دیا۔
متاثرہ نوجوان کا بھائی یہ شرمناک ویڈیوز دیکھ کر پریشان ہو گیا اور فوراً اسے فون کر کے اس نامناسب مواد کے بارے میں مطلع کیا۔ اپنے بھائی کی بات سُن کر اسے شدید طیش آیا نوجوان نے فوری طور پر اپنے سپروائزر کو ملزم کی اس انتہائی گھٹیا حرکت سے آگاہ کیا۔
سپروائزر نے اپنی جانب سے تسلی کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع کر دی۔ متاثرہ نوجوان نے عدالت کو بتایا کہ میں نے اپنے ساتھی سے جب پوچھ گچھ کی تو اس نے ڈھٹائی سے اعتراف کیا کہ اس کی رقم واپس نہیں کی گئی، اسی وجہ سے اس نے انتقامی جذبے کے طور پر اس کے بھائی کو ویڈیوز بھجوا دی ہیں۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد القصیص میں واقع کارکنان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنی گھٹیا حرکت کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے نوجوان کے نہانے سے پہلے غسل خانے میں اپنا سمارٹ فون چھُپا دیا تھا۔ جس میں مُدعی کے نہانے کی ریکارڈنگ ہو گئی۔ نوجوان کی جانب سے رقم واپس نہ کرنے پر اس نے اسے بدنام کرنے کی خاطر یہ قدم اُٹھایا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 15 ستمبر کو سنایا جائے گا







