
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ ترک شہری ہاکان ایسال کو اپنی 32 سالہ بیوی سیمرا ایسال کے خلاف اقدام قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ہاکان نے اس حرکت کا ارتکاب جون 2018 میں صوبہ موغلا میں واقع ایک وادی کی سیر کے دوران کیا۔
استغاثہ نے ہاکان پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو پہاڑی کے کنارے سے دھکا دے دیا تھا جس کا فاصلہ زمین سے ایک ہزار فٹ کے قریب ہے۔ اس مجرمانہ کارروائی کا مقصد اپنی بیوی کی موت کے بعد بیمہ کی رقم کا حصول تھا۔ واقعے میں ہاکان کی حاملہ بیوی اور اس کے بطن میں موجود 7 ماہ کا بچہ موت کا شکار ہو گئے۔
استغاثہ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ شوہر اپنی بیوی کو لے کر 3 گھنٹے تک پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھا رہا جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ان کے اطراف کوئی فرد موجود نہ ہو۔
شوہر کے خلاف تیار کی گئی الزامات کی فہرست میں کہا گیا ہے کہ اس نے یہ منصوبہ بیمہ کمپنی سے رقم حاصل کرنے کے لیے تیار کیا جس کی مالیت تقریباً 45 ہزار برطانوی پاؤنڈ تھی۔







