
بریلی: بھارت میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ہنگامے میں تبدیل ہوگئی جب دولہا رویندر کمار نے دلہن رادھا کے بجائے اس کی قریبی دوست کو پھولوں کی مالا پہنا دی۔
اس غیر متوقع حرکت پر دلہن نے غصے میں آ کر دولہا کو زور دار تھپڑ رسید کیا اور تقریب چھوڑ کر چلی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اس واقعے کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان شدید جھگڑا شروع ہوگیا اور بات تلخ کلامی سے بڑھ کر کرسیاں چلنے تک پہنچ گئی۔ موقع پر موجود افراد نے مداخلت کی، لیکن حالات قابو سے باہر ہو گئے، جس کے بعد پولیس کو بلایا گیا۔
پولیس کے مطابق، دلہن کے والد نے الزام لگایا کہ انہوں نے ساڑھے چار لاکھ روپے جہیز میں دیے تھے، مگر دولہا کے اہلخانہ مزید رقم کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اسی تنازع کے بعد شادی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دولہا اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور ان پر امن خراب کرنے اور جہیز کا مطالبہ کرنے کے مقدمات درج کر دیے۔
یہ واقعہ بھارت میں جہیز کے مسئلے پر ایک اور سنگین مثال ہے، جو کئی شادیوں کو تنازع اور تشدد کی نذر کر دیتا ہے۔







