
خلیج اردو
نئی دہلی – بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے پہلگام میں پیش آنے والے سیاحوں پر حملے کا الزام مرکزی وزارت داخلہ پر عائد کرتے ہوئے اسے انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اجلاس میں اس واقعے پر غور کیا گیا اور ایک قرار داد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ یہ سانحہ حفاظتی نظام میں سنگین خامیوں کا نتیجہ ہے۔
سی ڈبلیو سی نے دعویٰ کیا کہ جس مقام پر یہ واقعہ پیش آیا، وہاں عام طور پر تین سطحی سیکیورٹی کا سخت نظام نافذ رہتا ہے، اس کے باوجود اس طرح کا حملہ انٹیلیجنس کی ناکامی اور مرکز کی مجرمانہ غفلت کا مظہر ہے۔
کانگریس کی قرار داد میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس حملے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کروائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ پہلگام، جو جموں و کشمیر کا ایک معروف سیاحتی مقام ہے، حالیہ دنوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب راغب کر رہا ہے۔ اس پس منظر میں یہ حملہ نہ صرف سیکیورٹی پر سوال اٹھا رہا ہے بلکہ وادی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تشویش کا باعث بن رہا ہے۔






