عالمی خبریں

مدارس کا ہر نوجوان فوج کے ساتھ صفِ اول پر ہوگا، انصار الاسلام کو شہری دفاع کی ذمہ داری سونپ دی گئی: مولانا فضل الرحمان

خلیج اردو
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں مدارس کا ہر نوجوان فوج کے ساتھ صف اول میں ہوگا، جبکہ جماعت کے رضاکار دستے انصار الاسلام کو شہری دفاع کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں یومِ دفاع منایا جا رہا ہے، اور یہ وقت متحد ہو کر دشمن کو پیغام دینے کا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ منعقد کیا جائے گا تاکہ قومی یکجہتی اور دفاعی عزم کو اجاگر کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات ہیں، لیکن ملکی سلامتی اور خودمختاری کے لیے وہ قوم کے شانہ بشانہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو سفارتی محاذ پر بھی فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ دوست ممالک کے خصوصی دورے کیے جائیں تاکہ پاکستان کا موقف عالمی برادری کے سامنے واضح ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں صرف ایک ہی بیانیہ ہونا چاہیے تاکہ دشمن کو کسی قسم کی غلط فہمی نہ ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد کے خطرناک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button