
خلیج اردو
واشنگٹن: مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف احتجاج بزنس مین کو مہنگا پڑ گیا۔ مشہور آئس کریم کمپنی بین اینڈ جیری کے شریک بانی اور معروف سماجی کارکن بین کوہن کو امریکی سینیٹ کی کارروائی کے دوران احتجاج کرنے پر ہتھکڑی لگا کر گرفتار کر لیا گیا۔ 74 سالہ بین کوہن نے سماعت کے دوران چیخ کر سینیٹرز سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ بھوک سے بلکتے فلسطینی بچوں تک خوراک اور امداد پہنچائی جا سکے۔
رہائی کے بعد فرانسیسی میڈیا سے گفتگو میں بین کوہن نے کہا کہ یہ ایک اسکینڈل ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو 20 ارب ڈالر مالیت کے بموں کی منظوری دی ہے۔ یہ مسئلہ محض مالی نہیں بلکہ اخلاقی اور روحانی بحران کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی خارجہ پالیسی فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔




