پاکستانی خبریں

پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر کاربند ہے، جارحیت کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائے گا، وزیراعظم

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر کاربند ہے تاہم کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے دفاع کا بھرپور حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے مگر بھارتی قیادت کی اشتعال انگیزی جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک گفتگو میں جموں کشمیر کے تنازع کو جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن طور پر حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر صدر علیوف کا شکریہ ادا کیا اور دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجاویز پر اطمینان ظاہر کیا۔

گفتگو میں آذربائیجان کے صدر نے وزیراعظم کو حکومت میں کامیابیوں پر مبارکباد دی اور کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ صدر علیوف نے وزیراعظم کی دعوت پر جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی بھی کرائی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button