متحدہ عرب امارات

مصر کے صوبہ جیزہ میں ایک نوجوان نے اپنی حاضر دماغی اور بروقت کارروائی سے دوسری منزل کی بالکونی سے گرنے والے تقریباً 4 سالہ بچے کی جان بچالی، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

خلیج اردو
مصر کے صوبہ جیزہ میں ایک نوجوان نے اپنی حاضر دماغی اور بروقت کارروائی سے دوسری منزل کی بالکونی سے گرنے والے تقریباً 4 سالہ بچے کی جان بچالی، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

احمد رجب نامی نوجوان گنجان آبادی والے علاقے میں اپنے والد کی دکان کے باہر موجود تھا کہ اسے اچانک چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔ اس نے اوپر دیکھا تو ایک بچہ عمارت کی دوسری منزل کی بالکونی سے نیچے گر رہا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ پہلے بالکونی میں لگی کپڑے سکھانے کی تاروں میں الجھ گیا، جس کے باعث اس کی رفتار کچھ دیر کے لیے کم ہوئی۔ احمد رجب نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری طور پر دوڑ لگا دی اور بچے کے زمین سے ٹکرانے سے پہلے اسے اپنے بازوؤں میں پکڑ لیا۔

بچے کو بچانے کے بعد احمد رجب کچھ دیر بالکونی کی جانب دیکھتا رہا اور پھر بچے کو اٹھا کر وہاں سے چلا گیا۔ بعد ازاں وہ سڑک پر موجود ایک گدے کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گیا، بظاہر وہ خود کو سنبھالنے کی کوشش کررہا تھا اور اس واقعے کے ممکنہ انجام کے بارے میں سوچ رہا تھا۔

احمد رجب نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس کے پاس سوچنے یا خطرے کا اندازہ لگانے کا وقت نہیں تھا، اس کے ذہن میں صرف یہی تھا کہ بچے کو زمین پر گرنے سے پہلے بچانا ہے۔ اس نے بتایا کہ بچے کو بچانے کے بعد وہ خود بھی شدید گھبرا گیا اور اسے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ ابھی کیا ہوا ہے۔

احمد رجب نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں پر گہری نظر رکھیں اور انہیں بالکونی یا کھڑکیوں کے قریب کبھی اکیلا نہ چھوڑیں، خصوصاً ایسی جگہوں پر جہاں کرسیاں یا دیگر فرنیچر موجود ہو۔ اس نے بچوں کو فلموں میں دکھائے جانے والے سپر ہیروز کی طرح اڑنے کی کوشش نہ کرنے کی بھی نصیحت کی۔

سوشل میڈیا صارفین اور مقامی میڈیا نے احمد رجب کی بروقت مداخلت اور بہادری کو سراہتے ہوئے اسے ہیرو قرار دیا۔ مصر میں اس سے قبل بھی جان بچانے کی ایسی کوششیں کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button