
خلیج اردو
یروشلم: فلسطین سمیت دنیا بھر میں امت مسلمہ آج فلسطینی تاریخ کے سیاہ ترین دن ’’یومِ نکبہ‘‘ کی یاد منا رہی ہے۔ 15 مئی 1948 کو برطانیہ، فرانس اور امریکہ کی حمایت یافتہ صیہونی سازش کے تحت اسرائیل نامی ریاست کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس کے نتیجے میں 8 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو جبری طور پر ان کے گھروں سے بے دخل کیا گیا، سیکڑوں دیہات اور قصبے مسمار کیے گئے اور ہزاروں فلسطینیوں کا قتل عام کیا گیا۔
یوم نکبہ فلسطینی قوم کے لیے صرف ایک دن کی تباہی نہیں بلکہ ظلم، نسل کشی، جبری ہجرت اور اسرائیلی جارحیت کا مسلسل عمل ہے جو آج بھی جاری ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، خواتین کی بے حرمتی اور معصوم بچوں کی شہادت اس جدوجہد کی تلخ حقیقتیں ہیں۔ فلسطینی عوام آج بھی عالمی برادری سے انصاف اور اپنے حقِ خود ارادیت کی امید لگائے ہوئے ہیں۔





