
خلیج اردو
تہران: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے جہاں تہران انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ایران پہنچا ہے جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم لیڈر اور دیگر اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم ایرانی قیادت اور عوام کا پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔
ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس دورے سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کا دورہ بھی کیا، جہاں ان کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔






