
خلیج اردو
دبئی کے رہائشی اب گھر یا کافی شاپ کے بجائے سرسبز ماحول میں بیٹھ کر کام اور تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ البرشا پانڈ پارک میں نیا ورک اسپیس قائم کردیا گیا ہے جہاں صرف 50 درہم یومیہ فیس ادا کرکے کام کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
یہ سہولت روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہے گی۔ 50 درہم کے ڈے پاس میں ورک اسپیس تک رسائی کے ساتھ مفت کافی بھی شامل ہے۔ اس منصوبے سے فری لانسرز، گھر سے کام کرنے والے افراد، طلبہ اور چھوٹے کاروباروں سے وابستہ افراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ورک فرام پارک کے نام سے شروع کیا گیا یہ منصوبہ دبئی میونسپلٹی نے گروپ امانہ اور لیٹس ورک کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوامی پارکس میں کام کرنے کی لچکدار سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ پارکس کو تفریح کے ساتھ کام، ملاقات اور باہمی رابطوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے۔
لیٹس ورک کے شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی افسر عمر المہیری نے بتایا کہ اس منصوبے کا تصور دبئی میونسپلٹی کے ساتھ بات چیت کے دوران سامنے آیا۔ مقصد یہ تھا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو عوامی پارکس کی جانب راغب کیا جائے اور انہیں روایتی تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ بھی پارکس میں وقت گزارنے کی وجہ فراہم کی جائے۔
ان کے مطابق پارکس میں پہلے ہی کھیلوں، تفریح اور کھانے پینے کی سہولتیں موجود ہیں، اس منصوبے کے ذریعے کام کرنے کی جگہ بھی فراہم کردی گئی ہے۔ 50 درہم کا ڈے پاس حاصل کرنے والے افراد پورا دن ورک اسپیس استعمال کرسکتے ہیں اور انہیں پارک کے کافی پارٹنر کی جانب سے مفت کافی بھی دی جائے گی۔ لیٹس ورک کے موجودہ ممبران اپنے ممبرشپ کریڈٹس بھی استعمال کرسکتے ہیں، جس کے لیے ایک دن کے پاس کی قیمت 10 کریڈٹس مقرر کی گئی ہے۔
نیا ورک اسپیس بیک وقت تقریباً 100 افراد کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہاں انفرادی طور پر کام کرنے والوں کے لیے عارضی ڈیسک سے لے کر ٹیموں کے لیے مخصوص جگہیں بھی دستیاب ہیں۔
دبئی میونسپلٹی کے منیجر برائے دبئی پبلک پارکس احمد محمد المرزوقی نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے البرشا پانڈ پارک کا انتخاب اس کے محل وقوع اور دستیاب تفریحی سہولتوں کے باعث کیا گیا۔ پارک میں جھیل، جاگنگ ٹریک اور بچوں کے کھیلنے کی جگہ موجود ہے، جہاں آنے والے افراد کام کے ساتھ بیرونی سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ان کے مطابق ورک اسپیس میں نجی کمرہ بھی بنایا گیا ہے جہاں ملازمین اور طلبہ پرسکون ماحول میں کام یا تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اجلاسوں کے لیے میٹنگ روم بھی موجود ہے۔ منصوبے کا ہدف طلبہ اور پیشہ ور افراد سمیت مختلف طبقوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
لیٹس ورک کے مطابق مستقبل میں اس منصوبے کو البرشا پانڈ پارک سے آگے دوسرے عوامی پارکس اور ساحلوں تک بھی توسیع دینے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ عمر المہیری نے کہا کہ دور سے کام کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر رہائشی علاقوں کے قریب کام کی جگہیں فراہم کرنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے جبکہ ملازمین، فری لانسرز اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کے لیے گھر سے کام کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہوگیا ہے۔ اسی لیے رہائشی آبادیوں کے قریب کمیونٹی مراکز قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ روایتی طور پر شادیوں اور دیگر تقریبات کے لیے استعمال ہونے والی مشترکہ جگہوں اور مجالس کو بھی ورک اسپیس کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی ہے۔
یہ منصوبہ دبئی 2040 پارکس اینڈ گرینری اسٹریٹجی، دبئی 2040 اربن ماسٹر پلان اور دبئی اکنامک ایجنڈا ڈی 33 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جن کے تحت سرسبز عوامی مقامات کو شہری زندگی اور بدلتے ہوئے طرزِ کار کا حصہ بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔







