پاکستانی خبریں

خضدار حملہ: شہید بچوں کے خون کا ایک ایک قطرہ حساب لے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان کا اعلان

خلیج اردو
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ وہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زیر علاج زخمی بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کی قربانیوں پر فخر ہے۔ ہندوستانی ایجنڈے پر چلنے والے دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بزدلی اور درندگی کا ثبوت دیا ہے، لیکن ہم ان مٹھی بھر دہشت گردوں اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے اہلخانہ کیلئے دس، دس لاکھ روپے اور زخمی بچوں کے لیے پانچ، پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کا شکار ہے۔ افواج پاکستان نے بیرونی جارحیت کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے، اور اب یہی بہادر فوج ان اندورنی تخریب کاروں کو بھی ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

اس سانحے پر ملک بھر میں غم و غصے کی فضا ہے جبکہ عوامی حلقوں کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button