
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا جو بعدازاں پرتشدد صورت اختیار کر گیا۔ مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان اور پولیس اہلکاروں میں شدید ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں ریڈ زون کا گیٹ ٹوٹ گیا۔
جھڑپوں میں متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔ مشتعل مظاہرین نے ریڈ زون میں موجود تحریک انصاف کے احتجاجی خیمے کو آگ لگا دی، جس کے باعث خیمے میں رکھی کرسیاں اور دیگر سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
انتظامیہ نے صورتحال قابو میں لانے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے پولیس پر طاقت کے بے جا استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ واقعے کے بعد ریڈ زون کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔







