متحدہ عرب امارات

دبئی مارینا میں 67 منزلہ عمارت میں آگ، رہائشی خوفزدہ، درجنوں افراد نے رات باہر گزاری

خلیج اردو
دبئی:دبئی مارینا کی ایک 67 منزلہ رہائشی و کمرشل عمارت میں جمعہ کی رات دیر گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد درجنوں رہائشیوں کو عمارت سے باہر نکلنا پڑا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ سیکڑوں افراد کو قریبی ہوٹلوں، دوستوں کے گھروں یا کھلی جگہوں پر پناہ لینا پڑی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ لگنے کے باوجود عمارت میں آگاہی کے لیے کوئی الارم نہیں بجا اور بیشتر لوگوں کو آگ کا علم دھوئیں کی بو یا دوستوں کی کالز سے ہوا۔ کچھ افراد نے بتایا کہ عمارت کی سیڑھیوں میں دھواں بھرنے کے باعث وہ لفٹوں کا سہارا لے کر باہر نکلے۔

ایک رہائشی نے بتایا، "میں اور میری اہلیہ چوبیسویں منزل پر تھے، جب تقریباً رات 9 بج کر 45 منٹ پر ہمیں جلتے تاروں جیسی بو محسوس ہوئی۔ ہم نے اپنے اپارٹمنٹ کی ہر چیز چیک کی مگر کچھ نظر نہیں آیا۔”

انہوں نے مزید کہا، "جب ہم بالکونی میں آئے تو نیچے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور باہر لوگوں کا ہجوم دیکھا۔ اسی دوران ایک دوست نے کال کی جو ہمیں ملنے آیا تھا، اُس نے بتایا کہ اسے اندر نہیں جانے دیا جا رہا کیونکہ عمارت میں آگ لگ چکی ہے۔ اُس وقت تک نہ کوئی الارم بجا اور نہ ہی کوئی اطلاع دی گئی۔ جب ہم نے سیکیورٹی کو خود فون کیا تو انہوں نے کہا فوراً عمارت خالی کر دیں۔”

کئی رہائشیوں نے پوری رات کھلی فضا میں گزاری اور بعد میں کسی عارضی جگہ پر پناہ حاصل کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button