عالمی خبریں

اسرائیل کے تازہ حملے: ایران کے تین صوبوں میں اہداف نشانہ، مزید ہلاکتیں، پاسداران انقلاب کا نیا کمانڈر مقرر

خلیج اردو
تہران: اسرائیل کے ایران پر حملے جاری ہیں جن میں تازہ ترین کارروائیوں میں مشرقی آذربائیجان، لورستان اور کرمان شاہ کے مختلف علاقوں میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں میں مزید دو افراد شہید اور پانچ زخمی ہوئے ہیں جبکہ تہران میں ہونے والے پہلے حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر شہدا کی تعداد 80 ہو گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہے۔

ایرانی حکام نے مزید دو اعلیٰ فوجی کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ شہید ہونے والوں میں ملٹری آپریشنز کے ڈپٹی چیف جنرل مہدی ربانی اور جنرل سٹاف کے ہیڈ آف انٹیلیجنس جنرل غلام رضا محرابی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حملوں میں مزید تین ایرانی ایٹمی سائنسدان، علی کریمی، منصور اصغری اور سعید برجی بھی شہید ہو گئے ہیں، جس سے اب تک شہید سائنسدانوں کی تعداد 9 ہو چکی ہے۔

کرمان شاہ میں ایک ہائی وے پر سویلین گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ تبریز شہر سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے، تاہم تبریز آئل ریفائنری کو نقصان نہیں پہنچا۔ اسرائیل نے مہرآباد ہوائی اڈے کو بھی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے بعد ایران نے تہران اور مہرآباد ایئرپورٹس سے طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے سربراہ میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ کی شہادت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل ماجد موسوی کو نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button