
خلیج اردو
مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر پروازوں کے نظام میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز نے اتوار کے روز کشیدگی کے پیش نظر پروازوں کی منسوخی میں توسیع کر دی ہے۔
یو اے ای کے ہوائی اڈوں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں کیونکہ بعض ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
ایمریٹس ایئرلائن نے اتوار کو اعلان کیا کہ عمان (اردن) اور بیروت (لبنان) کے لیے تمام پروازیں عارضی طور پر اتوار 22 جون 2025 تک معطل کر دی گئی ہیں۔ جبکہ تہران (ایران)، بغداد اور بصرہ (عراق) کے لیے پروازیں پیر 30 جون 2025 تک معطل رہیں گی۔
فلائی دبئی نے بتایا کہ اس نے اردن، لبنان، اور شام کے لیے پروازیں 16 جون تک، منسک اور سینٹ پیٹرزبرگ کے لیے 17 جون تک، جبکہ ایران، عراق، اور اسرائیل کے لیے 20 جون تک پروازیں معطل کر دی ہیں۔
تنازع کی شدت کے باعث ایران، عراق، اردن اور اسرائیل جیسے علاقائی ممالک نے کمرشل پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، ان فضائی بندشوں کی وجہ سے روزانہ تقریباً 3,000 پروازیں منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل ہو رہی ہیں۔
ایمریٹس ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا:
"جو مسافر دبئی کے راستے عراق، ایران، اردن یا لبنان جانا چاہتے ہیں، یا فلائی دبئی کی معطل شدہ منزلوں کی کنیکشن پر ہیں، انہیں ان کے اصل مقام سے سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، تا وقتیکہ نئی ہدایات جاری نہ کی جائیں۔”
ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی بکنگ دوبارہ کرانے کے لیے اپنی ٹریول ایجنسی سے رابطہ کریں، اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ یا وہاں پہنچنے والے مسافر emirates.com پر اپنی پرواز کی حیثیت چیک کریں۔
فلائی دبئی نے بھی کہا ہے کہ مذکورہ ممالک یا ایئرپورٹس کے لیے دبئی کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو بھی ان کے اصل مقام روانگی سے سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جب تک نئی ہدایات جاری نہ ہوں۔
فلائی دبئی نے مزید کہا:
"جہاں حالات اجازت دیتے ہیں ہم نے اپنے نیٹ ورک میں چند پروازیں بحال کر دی ہیں، اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم مسافروں سے ہونے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں اور ان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ ہمارے لیے مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔”
شارجہ کی کم لاگت ایئرلائن ایئر عربیہ نے بھی اتوار کو اعلان کیا کہ 15 جون تک اس کی بعض پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں، اور متاثرہ مسافروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
اتحاد ایئرویز نے پہلے ہی ابوظہبی اور تل ابیب کے درمیان پروازیں 16 جون تک منسوخ کر دی ہیں۔ اتحاد ایئرویز نے یہ بھی بتایا کہ وہ مشرق وسطیٰ کی پابند فضائی حدود کے باعث متعدد پروازوں کو متبادل راستوں پر منتقل کر رہی ہے۔
ابوظہبی کا زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ (AUH) بھی مسافروں کو خبردار کر رہا ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔ ایئرپورٹ نے سوشل میڈیا پر جاری ایڈوائزری میں کہا:
"فضائی حدود کی بندش کے باعث 15 اور 16 جون کو زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں میں تاخیر اور منسوخی متوقع ہے۔ تمام مسافر تازہ ترین سفری معلومات کے لیے اپنی ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔”
اسی طرح، دبئی ایئرپورٹس نے بھی اعلان کیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل اور دبئی ورلڈ سنٹرل (DWC) کے کچھ پروازیں ایران، عراق اور شام کی فضائی حدود کی بندش کے باعث منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں۔






