
خلیج اردو
تہران:ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے پارلیمانی بل کی منظوری دے دی ہے۔ ایرانی گارڈین کونسل کے ترجمان کے مطابق بل کو باقاعدہ منظوری حاصل ہو چکی ہے، جس کے بعد ایران عالمی جوہری ادارے کے ساتھ اپنا تکنیکی تعاون معطل کرے گا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ بل ایرانی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز منظور کیا تھا، جس کے بعد گارڈین کونسل نے بھی اس کی توثیق کر دی۔
تعاون کی معطلی کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی نگرانی کو محدود کرنا ہے، جو حالیہ کشیدگی اور حملوں کے بعد ایرانی حکومت کے سخت گیر موقف کی عکاسی کرتا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملکی خودمختاری کے تحفظ اور جوہری تنصیبات کے خلاف بیرونی جارحیت کے ردعمل کے طور پر کیا گیا ہے۔






