متحدہ عرب امارات

محبت میں صبر، وفا اور انتظار کی کہانی سامنے آ گئی،اداکارہ سلمیٰ ظفر کا انٹرویو

خلیج اردو
کراچی: سینئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے ایک جذباتی، سبق آموز اور حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی محبت میں نہ صرف دھوکا برداشت کیا بلکہ صبر، وفا اور امید کے دامن کو بھی کبھی نہیں چھوڑا۔

نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نمک حرام، مشک، قرضِ جان اور زیبائش جیسے مشہور ڈراموں کی اداکارہ سلمیٰ ظفر نے اپنی نجی زندگی کے ان پہلوؤں سے پردہ اٹھایا، جو اب تک میڈیا اور مداحوں کی نظروں سے اوجھل تھے۔

"محبت میں دھوکہ ملا، مگر صبر کیا”

سلمیٰ ظفر نے بتایا کہ وہ اپنے شریکِ حیات سے بے پناہ محبت کرتی تھیں، مگر بدقسمتی سے انہیں اس محبت کا جواب وہی شدت سے نہ ملا۔ انہوں نے کہا:

"جب کسی کی طرف سے وہی محبت نہ ملے جو آپ دے رہے ہوں، تو دل ٹوٹتا ہے، لیکن میں نے ہار نہیں مانی۔ میں منتظر کھڑی رہی کہ وہ شخص لوٹ آئے۔”

شوہر کی واپسی، صبر کا صلہ

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کے شوہر کسی اور خاتون کے ساتھ رشتہ قائم کر چکے تھے، لیکن انہوں نے کبھی اس رشتے پر بددعا نہیں دی۔ ان کے بقول:

"محبت میں سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے۔ بس میں نے اپنے شوہر کا انتظار کیا، اور وہ بعد میں اُس خاتون کو طلاق دے کر میرے پاس واپس لوٹ آئے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ دوسری خاتون کی طلاق میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں تھا، نہ ہی انہوں نے اس بارے میں کبھی کچھ منفی کہا۔ ان کا کہنا تھا:

"میں نے کبھی اُس عورت کے لیے بددعا نہیں کی، نہ ہی اسے برا بھلا کہا۔ میں نے بس صبر کیا تھا۔”

سوشل میڈیا پر پذیرائی

اداکارہ کے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے ان کے صبر، وقار اور برداشت کو سراہا۔ کئی مداحوں نے سلمیٰ ظفر کو "وفا کی علامت” قرار دیا اور ان کے تجربے کو خواتین کے لیے ایک سبق قرار دیا کہ مشکل حالات میں بھی وقار اور صبر سے کام لینا عزت کا باعث بنتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button