پاکستانی خبریں

اداکارہ میرا کا انوکھا انکشاف: ’لانگ ڈسٹنس‘ فلم میں سلمان خان کی مدد، ’نہ دکھائی دینے والی سیاہی‘ کا راز؟

خلیج اردو
کراچی: اداکارہ میرا ایک بار پھر اپنی منفرد اور تجسس خیز اندازِ گفتگو کی بدولت سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ اس بار اُن کا دعویٰ ہے کہ ان کی نئی فلم لانگ ڈسٹنس کے اسکرپٹ میں بھارتی سپر اسٹار سلمان خان اور اُن کے والد سلیم خان نے براہِ راست مدد کی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں میرا نے ان دونوں شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے فلم لانگ ڈسٹنس کا اسکرپٹ پڑھا۔ تاہم، میرا نے اس اسکرپٹ کو ’نہ دکھائی دینے والی سیاہی‘ سے تحریر شدہ قرار دے کر ایک نیا سوال کھڑا کر دیا ہے، جس نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو گہری الجھن میں ڈال دیا ہے۔

اداکارہ نے ایک اور پوسٹ میں اپنے دیرینہ دوست کیپٹن نوید کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اُن کے مطابق، کیپٹن نوید نے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا اور فلمی منصوبوں میں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

میرا کی یہ مبہم اور علامتی زبان میں کی گئی پوسٹس سوشل میڈیا صارفین کو الجھن میں ڈال گئی ہیں۔ بیشتر افراد یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ دراصل کیا کہنا چاہ رہی ہیں۔ خاص طور پر "نہ دکھائی دینے والی سیاہی” جیسے فقرے کو بعض صارفین نے "فنکارانہ علامت” قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے "محض ڈرامائی اظہار” سے تعبیر کیا۔

اداکارہ میرا ماضی میں بھی اپنے منفرد انداز، غیر روایتی بیانات اور متنازع دعوؤں کی وجہ سے خبروں میں رہی ہیں۔ ان کی حالیہ پوسٹ نے ایک بار پھر ان کے گرد توجہ کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، تاہم ان کی فلم لانگ ڈسٹنس کی نوعیت، کردار اور ریلیز کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات منظرِ عام پر نہیں آئیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button