متحدہ عرب امارات

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے امارات کے ہوا بازی کے شعبے کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں غیر معمولی قیادت پر شیخ احمد بن سعید آل مکتوم کو دبئی اِٹ ایوارڈ کا فاتح قرار دیا

خلیج اردو
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے امارات کے ہوا بازی کے شعبے کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں غیر معمولی قیادت پر شیخ احمد بن سعید آل مکتوم کو دبئی اِٹ ایوارڈ کا فاتح قرار دیا ہے۔ بدھ کے روز جاری بیان میں شیخ حمدان نے کہا کہ شیخ احمد کی قیادت میں دبئی کے ہوا بازی کے شعبے نے غیر معمولی ترقی کی اور امارت دنیا کے اہم ترین عالمی فضائی مراکز میں شامل ہوگئی۔

شیخ حمدان کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کے بیڑے میں تقریباً 139 گنا اضافہ ہوا، جبکہ اس کے فضائی نیٹ ورک میں منزلوں کی تعداد 76 گنا بڑھ گئی۔ فلائی دبئی نے بھی تیزی سے ترقی کی۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک سال کے دوران ریکارڈ 9 کروڑ 52 لاکھ مسافروں کی میزبانی کی، جو بین الاقوامی مسافروں کی آمدورفت کے حوالے سے عالمی ریکارڈ ہے۔

شیخ حمدان نے کہا کہ ریتلی زمین پر قائم ایک رن وے اور لیز پر لیے گئے دو طیاروں سے شروع ہونے والا دبئی کا سفر آج اسے عالمی ہوا بازی کے مرکز تک لے آیا ہے۔ یہ کامیابی دبئی اِٹ کے جذبے اور شیخ احمد بن سعید آل مکتوم اور ان کی ٹیم کی غیر معمولی قیادت کی عکاسی کرتی ہے۔

دبئی اِٹ ایوارڈ ہر سال ان افراد، منصوبوں، کمپنیوں اور اداروں کو دیا جائے گا جن کی کامیابیاں دبئی کے عملی اقدامات، تیز رفتار پیش رفت اور اعلیٰ معیار کے تصور کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اس اقدام کا آغاز 17 جون کو متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد بلند عزائم کو عملی نتائج میں تبدیل کرنا اور معیار، رفتار اور مؤثر عمل درآمد کو یکجا کرنا ہے۔

ایوارڈ کے لیے کامیابی کی غیر معمولی نوعیت، کام کے معیار، تکمیل کی رفتار، دبئی کے عملی فلسفے سے مطابقت، وژن کو ٹھوس نتائج میں بدلنے، نمایاں اثرات، پائیداری اور مستقبل میں ترقی کے امکانات سمیت آٹھ معیار مقرر کیے گئے ہیں۔ ایوارڈ کی سالانہ سرگرمیاں ستمبر سے مئی تک جاری رہیں گی، جبکہ اگلے مرحلے کے لیے نامزدگیاں وصول کرنے اور ان کا جائزہ لینے کا عمل جون، جولائی اور اگست میں ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button