
خلیج اردو
امریکا کی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزام پر پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ انہیں ایران کے سابق فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے امریکا بھیجا گیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ طور پر ایک ایسے شخص کو پانچ ہزار ڈالر بھی ادا کیے تھے جسے کرائے کے قاتل کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم یہ شخص دراصل ایف بی آئی کا مخبر تھا، جس کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آصف مرچنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی حکام نے اس معاملے کو صدر ٹرمپ کے خلاف مبینہ سازش قرار دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے اب پاکستانی شہری کو طویل قید کی سزا سنائے جانے کے بعد یہ مقدمہ ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔







