
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے واقعے کے دوران مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے، بہادری اور بروقت اقدامات پر طیارے کے عملے کو آرڈر آف زاید سیکنڈ فرسٹ کلاس سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز عمومی طور پر غیر ملکی سفیروں، سفارت کاروں اور اعلیٰ حکام کو عوامی خدمات اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا جاتا ہے۔
اکتوبر 2026 میں متحدہ عرب امارات کے چھ سفیروں اور بیرون ملک سفارتی مشنز کے سربراہان کو بھی یہ اعزاز دیا گیا۔ ان میں فرانس، آئرلینڈ، مصر، تھائی لینڈ، ناروے اور یونان میں تعینات اماراتی سفیر شامل تھے۔ اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق انہیں دوست ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے میں نمایاں خدمات پر اعزاز سے نوازا گیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے صدر متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ اعزازات پیش کیے۔
بھارت کے دو سابق سفیروں کو بھی آرڈر آف زاید سیکنڈ فرسٹ کلاس دیا جا چکا ہے۔ نویدیپ سنگھ سوری نے 2017 سے 2019 تک متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہوئی، جبکہ دفاعی اور تجارتی تعلقات کو بھی فروغ ملا۔
بھارت کے ایک اور سابق سفیر سنجے سدھیر، جنہوں نے 2021 سے 2025 تک خدمات انجام دیں، کو بھی دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور جامع اسٹریٹجک تعلقات کو آگے بڑھانے پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔
پاکستان کے سابق سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی آرڈر آف زاید سیکنڈ فرسٹ کلاس حاصل کر چکے ہیں۔ انہیں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں کردار پر یہ اعزاز دیا گیا۔ وہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی روابط اور عوامی سطح پر فعال کردار کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔







