
خلیج اردو
دبئی فنانشل سروسز اتھارٹی نے صارفین کے خفیہ ڈیٹا کے تحفظ میں ناکامی پر موڈیز انویسٹرز سروس مڈل ایسٹ لمیٹڈ پر 5 لاکھ 85 ہزار 825 ڈالر، یعنی 21 لاکھ 49 ہزار درہم جرمانہ عائد کردیا۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق کمپنی نے ڈیٹا کی رازداری سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کی۔
دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے آزاد مالیاتی نگران ادارے ڈی ایف ایس اے نے تحقیقات کے بعد قرار دیا کہ موڈیز نے خفیہ معلومات کے تحفظ کے لیے مناسب نظام اور کنٹرولز قائم نہیں کیے اور نہ ہی اس بات کو یقینی بنایا کہ ملازمین خفیہ معلومات افشا کرنے سے گریز کریں۔
کمپنی نے معاملہ طے کرنے پر اتفاق کیا اور جلد تصفیے کی وجہ سے جرمانے میں رعایت حاصل کی۔ رعایت نہ دی جاتی تو جرمانے کی رقم 8 لاکھ 36 ہزار 892 ڈالر، یعنی 30 لاکھ 70 ہزار درہم ہوتی۔
ڈی ایف ایس اے کے مطابق دسمبر 2023 سے مئی 2026 کے دوران موڈیز انویسٹرز سروس مڈل ایسٹ نے ڈیٹا غیر ارادی طور پر افشا ہونے کے سات واقعات کی اطلاع دی۔ ان میں سے چار واقعات میں خفیہ معلومات بیرونی افراد یا اداروں تک پہنچ گئی تھیں۔
نگران ادارے نے بتایا کہ ان واقعات کی مختلف وجوہات سامنے آئیں، جن میں ڈیٹا سکیورٹی کے ایک ٹول کا متبادل انتظام کیے بغیر استعمال بند کرنا، ڈیٹا لیک ہونے سے روکنے اور اس کا پتا لگانے کے لیے ناکافی نظام اور کنٹرولز، اور خلاف ورزیوں کے ذمہ دار ملازمین کے خلاف غیر مؤثر داخلی تادیبی کارروائیاں شامل ہیں۔
موڈیز انویسٹرز سروس مڈل ایسٹ کو 31 دسمبر 2012 سے ڈی ایف ایس اے نے کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے طور پر لائسنس دے رکھا ہے۔ کمپنی اپنے صارفین، سرکاری و نجی کمپنیوں، حکومتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے بڑی مقدار میں انتہائی حساس اور خفیہ معلومات حاصل کرتی ہے۔
ڈی ایف ایس اے میں انفورسمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایلن لننگ نے کہا کہ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کو درجہ بندی کے لیے اداروں کی جانب سے خفیہ اور مالیاتی منڈیوں پر اثر انداز ہونے والی حساس معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ ان اداروں کی ذمہ داری ہے کہ معلومات کو غیر مجاز رسائی یا افشا ہونے سے محفوظ رکھیں، کیونکہ اس سے مالیاتی منڈیوں کی ساکھ، استحکام اور معمول کے مطابق کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔
ایلن لننگ کے مطابق ڈی ایف ایس اے متعلقہ اداروں سے مؤثر حفاظتی نظام قائم کرنے اور ملازمین میں ڈیٹا کی رازداری سے متعلق مضبوط ذمہ دارانہ رویہ فروغ دینے کا تقاضا کرتا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد معلومات کی سالمیت، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مالیاتی خدمات کی صنعت پر بھروسا برقرار رکھنا ہے۔
ڈی ایف ایس اے نے واضح کیا کہ وہ دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر میں مالیاتی خدمات کے لیے اعلیٰ معیار کے ضوابط مرتب کرنے اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ادارہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا تاکہ مالیاتی مرکز میں کام کرنے والے تمام ادارے مطلوبہ معیار کی پابندی کریں۔







