
خلیج اردو
ماسکو – روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے، ساتھ ہی انہیں مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے صدر کے خصوصی مندوب کے منصب سے بھی سبکدوش کر دیا گیا ہے۔ صدارتی محل کی جانب سے اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
میخائل بوگدانوف گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک روس کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے۔ وہ مشرق وسطیٰ، افریقہ، اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے متعلق روسی پالیسی سازی میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ وہ شام، لیبیا اور خطے کے دیگر ممالک میں روسی سفارتی مشن کی قیادت کے تجربے کے حامل تھے۔
بوگدانوف 73 برس کے ہیں اور 1974 سے روسی سفارتی خدمات سے وابستہ رہے۔ انہیں 2011 میں وزارت خارجہ کا نائب سربراہ اور 2014 میں مشرق وسطیٰ و افریقہ کے لیے صدر کا خصوصی مندوب مقرر کیا گیا تھا۔
سفارتی حلقوں میں ان کی برطرفی کو ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم فی الحال روسی حکومت کی جانب سے اس اقدام کی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔







