
خلیج اردو
مکہ مکرمہ: حرمِ کعبہ میں روحانیت سے لبریز سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں بیت اللہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو 40 لیٹر آبِ زم زم اور عرقِ گلاب سے دھویا گیا۔
یہ مبارک رسم ہر سال اسلامی روایت کے مطابق ادا کی جاتی ہے، جس کا مقصد خانہ کعبہ کی تطہیر اور تعظیم کا اظہار ہے۔
تقریب میں سعودی شاہی خاندان کے اہم افراد، علما کرام، اسلامی دنیا کی نمایاں شخصیات اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ غسل کے بعد خانہ کعبہ کی اندرونی فضا کو مخصوص عود، کستوری اور دیگر اعلیٰ خوشبوؤں سے معطر کیا گیا، جس سے ماحول مہک اٹھا۔
غسل کعبہ کی یہ تقریب نہ صرف اسلامی روایات کا خوبصورت مظہر ہے، بلکہ امت مسلمہ کے لیے روحانی تعلق، ادب اور محبت کی علامت بھی ہے۔





