پاکستانی خبریں

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی موت معمہ بن گئی، پوسٹ مارٹم مکمل، لاش 9 ماہ پرانی نکلی

خلیج اردو
کراچی: معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کی اچانک موت نے ایک نیا معمہ کھڑا کر دیا ہے، جب ان کی انتہائی مسخ شدہ لاش کراچی کے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق لاش کم از کم 9 ماہ پرانی ہے اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موت اکتوبر 2024 کے آس پاس واقع ہوئی۔

پولیس کے مطابق، اداکارہ کے موبائل فون کا استعمال بھی اکتوبر 2024 میں بند ہو گیا تھا، جبکہ فلیٹ میں موجود کھانے پینے کی اشیاء اور بجلی کے بل بھی اسی مہینے کے ہیں۔ لاش کی شناخت کے بعد جب والد نے وصول کرنے سے انکار کیا تو اسے سرد خانے منتقل کر دیا گیا، بعد ازاں بہنوئی نے لاش وصول کرنے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا۔

تنہائی اور فیملی سے لاتعلقی

حمیرا اصغر 2018 سے ڈیفنس فیز 6 میں تنہا زندگی گزار رہی تھیں اور پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ 7 برس سے وہ اپنے خاندان سے رابطے میں نہیں تھیں۔

سوشل میڈیا پر غفلت کا انکشاف

اداکارہ کے ساتھ فوٹو شوٹ میں کام کرنے والے فیشن سٹائلسٹ دانش مقصود نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف کیا کہ
"ہم نے گزشتہ سال حمیرا کے ساتھ ایک فوٹو شوٹ کیا تھا، جس کے بعد واٹس ایپ پر ان سے بات ہوئی، وہ بہت خوش تھیں اور شوٹ کی تعریف بھی کی۔”

دانش کے مطابق جب فوٹو شوٹ کی تصاویر کی سوشل میڈیا کولیبریشن کے لیے اداکارہ کو بھیجا گیا، تو کوئی جواب نہ ملا۔ کئی بار کالز اور پیغامات کرنے کے باوجود کوئی رابطہ نہ ہو سکا۔ دانش نے بتایا کہ انہوں نے چند سوشل میڈیا پبلیکیشنز کو حمیرا کے لاپتہ ہونے کی اطلاع بھی دی تھی، تاہم اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ لاش کی حتمی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی وجہ کا تعین ممکن ہوگا۔ حمیرا اصغر کی پراسرار موت نے شوبز اور سوشل میڈیا حلقوں میں گہری تشویش پیدا کر دی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button