متحدہ عرب امارات

عجمان میں سڑک حادثے میں بھارتی شہری کی ٹانگ ضائع، 6 لاکھ 55 ہزار 341 درہم معاوضہ مل گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں سڑک حادثے کے دوران بائیں ٹانگ سے محروم ہونے والے بھارتی شہری کو طویل قانونی جنگ کے بعد 6 لاکھ 55 ہزار 341 درہم معاوضہ مل گیا۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ سدھیر گزشتہ سال مئی میں پیش آنے والے حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد وہ اپنی ملازمت جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے۔

سدھیر گزشتہ 15 برس سے متحدہ عرب امارات میں لفٹ ٹیکنیشن کے طور پر کام کر رہے تھے اور حادثے کے وقت عجمان کی ایک کمپنی میں سپروائزر کے عہدے پر تعینات تھے۔ حادثے کے روز وہ دیگر ملازمین کے ہمراہ کمپنی کی گاڑی میں کام کی جگہ کی جانب جارہے تھے کہ ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ گاڑی پہلے ایک بلند پیدل پل سے ٹکرائی اور اس کے بعد بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں سدھیر کی بائیں ٹانگ شدید کچلی گئی۔

حادثے کے فوراً بعد سدھیر کو دبئی کے جبل علی میں واقع این ایم سی رائل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے متاثرہ ٹانگ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم زخموں کی شدت کے باعث ان کی بائیں ٹانگ گھٹنے سے نیچے کاٹنا پڑی۔ حادثے کے بعد وہ مسلسل علاج کروا رہے ہیں جبکہ ان کی دائیں ٹانگ بھی متاثر ہوئی تھی اور اس کا علاج تاحال جاری ہے۔

حادثے کے بعد سدھیر کی جانب سے انشورنس کمپنی کے خلاف دبئی عدالت میں معاوضے کا دعویٰ دائر کیا گیا۔ ان کے وکیل شمس الدین کرونگاپلی کے مطابق عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حادثے سے پہلے صحت مند شخص کو مستقل معذوری کا سامنا کرنا پڑا، وہ اپنی ملازمت اور ذریعہ معاش جاری رکھنے سے محروم ہوگئے جبکہ حادثے کے جسمانی اور نفسیاتی اثرات کے ساتھ ان کی اہلیہ اور دو بچوں کو بھی مالی اور جذباتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس بنیاد پر ایک کروڑ درہم کے مساوی 10 لاکھ درہم معاوضے کا دعویٰ دائر کیا گیا۔ دبئی کی ابتدائی عدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد سدھیر کو 4 لاکھ درہم معاوضہ دینے کا حکم دیا، تاہم فیصلے سے مطمئن نہ ہونے پر ان کے وکیل نے اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کی۔ اپیل کے نتیجے میں معاوضے کی رقم بڑھا کر 6 لاکھ درہم کردی گئی۔

بعد ازاں انشورنس کمپنی کی جانب سے مجموعی طور پر 6 لاکھ 55 ہزار 341 درہم کی رقم ادا کی گئی، جس میں معاوضے کے ساتھ عدالتی اخراجات بھی شامل تھے۔ یہ رقم سدھیر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی ہے۔

تاہم وکیل نے مزید معاوضے کے حصول کے لیے دبئی کورٹ آف کیسیشن میں بھی اپیل دائر کردی ہے۔ وکیل کا مؤقف ہے کہ موجودہ معاوضہ حادثے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے مقابلے میں ناکافی ہے۔ ان کے مطابق سدھیر حادثے کے بعد سے مسلسل طبی علاج اور بحالی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں جبکہ دائیں ٹانگ کی چوٹ کا علاج بھی ابھی جاری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button