
خلیج اردو
ایمرٹس کی دبئی سے لندن ہیتھرو جانے والی پرواز ای کے 31 کو دوران پرواز ایک مسافر کو طبی ایمرجنسی پیش آنے کے باعث جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ ایمرٹس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پرواز نے یکم اکتوبر کو فرینکفرٹ میں لینڈ کیا، جہاں متاثرہ مسافر کو مزید طبی امداد کے لیے طیارے سے اتار دیا گیا۔
ایئرلائن کے مطابق پرواز کے دوران کیبن کریو نے مسافر کو فوری معاونت فراہم کی جبکہ فرینکفرٹ پہنچنے سے قبل طبی امداد کا انتظام بھی کرلیا گیا تھا۔ طیارہ بحفاظت فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر اترا، جس کے بعد مسافر کو مزید طبی نگہداشت کے لیے منتقل کردیا گیا۔
فلائٹ ٹریکنگ سے متعلق معلومات کے مطابق پرواز ای کے 31 نے دوران پرواز اسکواک 7700 کوڈ بھی جاری کیا، جو پائلٹس کی جانب سے فضائی ٹریفک کنٹرول کو عمومی ہنگامی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ طبی ایمرجنسی کے باعث پرواز کے شیڈول میں تاخیر ہوئی اور مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت انتظار کرنا پڑا۔
ایمرٹس کے مطابق پرواز کے مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے دوبارہ لندن ہیتھرو کے لیے روانہ ہونے کی توقع تھی، جو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق رات 8 بجے بنتا ہے۔ ایئرلائن نے مسافروں سے تاخیر پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں اور عملے کی صحت اور حفاظت ہمیشہ اس کی اولین ترجیح ہے۔







