متحدہ عرب امارات

اتحاد ریل کے مسافروں کے لیے چار اسٹیشنز پر پارکنگ کا نیا نظام متعارف، ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت

خلیج اردو
اتحاد ریل کمپنی نے اپنے اسٹیشنز پر پارکنگ کی سہولیات کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کے لیے کیو موبیلٹی اور پارکن کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کرلی۔ معاہدے کے تحت مسافروں کو اتحاد ریل کے اسٹیشن نیٹ ورک پر اسمارٹ پارکنگ مینجمنٹ سلوشنز فراہم کیے جائیں گے، جس سے گاڑی پارک کرنے اور ادائیگی کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔

معاہدے کے پہلے مرحلے میں کیو موبیلٹی ابوظبی، الذید اور فجیرہ اسٹیشنز پر گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولیات چلائے گی، جبکہ دبئی اسٹیشن کی پارکنگ سہولت پارکن کے زیرانتظام ہوگی۔ تینوں کمپنیوں کے مطابق اسٹیشنز پر پارکنگ مینجمنٹ کے متحد نظام کے ذریعے مسافروں کو محفوظ اور آسان پارکنگ کے ساتھ ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

اتحاد ریل کے نیٹ ورک میں 30 ستمبر کو مزید توسیع ہوئی، جب دبئی میں الیالیِس اور شارجہ کے پہلے اسٹیشن الذید کا افتتاح کیا گیا۔ شارجہ میں دوسرا اسٹیشن مارچ 2027 میں کھولے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اتحاد ریل کی چیف آپریٹنگ آفیسر عزا السویدی نے کہا کہ کیو موبیلٹی اور پارکن کے ساتھ شراکت داری مسافروں کے لیے بہتر پارکنگ سہولیات فراہم کرے گی اور اسٹیشنز تک رسائی کو آسان بناتے ہوئے ریل نیٹ ورک کے پھیلاؤ کے ساتھ نقل و حرکت کے مزید اختیارات پیدا کرے گی۔

پارکن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی نے کہا کہ دبئی اسٹیشن کی پارکنگ سہولیات کے انتظام کے دوران کمپنی اپنے ڈیجیٹل سلوشنز استعمال کرے گی، جس سے گاڑیوں کے داخلے اور ادائیگی کے عمل کو آسان بنانے، آپریشنل کارکردگی بہتر کرنے اور مسافروں کے لیے پارکنگ کا بہتر تجربہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

کیو موبیلٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسین کرماستجی نے کہا کہ کمپنی اتحاد ریل اور پارکن کے ساتھ مل کر پورے اسٹیشن نیٹ ورک میں مربوط پارکنگ مینجمنٹ ماڈل تیار کرے گی، جس کا مقصد آپریشنل کارکردگی اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا اور اسمارٹ و پائیدار نقل و حرکت کو فروغ دینا ہے۔

اتحاد ریل کے تمام اسٹیشنز پر گاڑیوں کے لیے پارکنگ دستیاب ہے، تاہم پارکنگ فیس اسٹیشن، داخلے کے وقت اور پارکنگ کے دورانیے کے مطابق مختلف ہوسکتی ہے۔ پارکنگ کے لیے ٹکٹ یا پیشگی بکنگ ضروری نہیں، تاہم مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرین کی روانگی سے پہلے گاڑی پارک کرنے اور اسٹیشن تک پہنچنے کے لیے مناسب وقت ضرور رکھیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button