
خلیج اردو
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ وہ صدر کے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے خصوصی مندوب کے منصب سے بھی سبکدوش ہو گئے ہیں۔ صدارتی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اس فیصلے کی وجہ بیان نہیں کی گئی۔
میخائل بوگدانوف گزشتہ دس برس سے زائد عرصے تک دونوں کلیدی عہدوں پر فائز رہے اور روس کی مشرق وسطیٰ اور افریقہ سے متعلق سفارتی حکمت عملی میں اہم ترین کردار ادا کرتے رہے۔ وہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) سمیت مختلف عالمی اسلامی اداروں سے متعلق روس کی پالیسیوں کے ذمہ دار بھی تھے۔
انہوں نے شام، لیبیا اور دیگر خطوں میں روسی سفارتی مشنز کی قیادت کی، اور متعدد بار علاقائی تنازعات میں روس کا مؤقف پیش کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شریک ہوئے۔ ان کی برطرفی کو ماسکو کی مشرق وسطیٰ پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کے اشارے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، تاہم حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔







