
خلیج اردو
دبئی: تاجک نژاد گلوکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عبدو روزک کو ہفتے کی صبح دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چوری کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ان کی نمائندہ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ 21 سالہ عبدو روزک کو صبح 5 بجے کے قریب مونٹی نیگرو سے آمد کے فوراً بعد حراست میں لیا گیا۔
تاحال الزامات کی نوعیت کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے اور حکام کی جانب سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ کمپنی کے ترجمان نے کہا:
"ہم صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں علم ہے کہ انہیں چوری کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔”
خلیج ٹائمز نے اس سلسلے میں دبئی حکام سے رابطہ کیا ہے اور سرکاری مؤقف کا انتظار ہے۔
عبدالروزک، جو کہ ہارمون کی کمی کے باعث محض تین فٹ سے کچھ زائد قد رکھتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں نوجوان مشاہیر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ وہ کئی سالوں سے دبئی میں مقیم ہیں اور یو اے ای گولڈن ویزا کے حامل ہیں۔
ان کی شہرت موسیقی، وائرل ویڈیوز اور ریئلٹی شوز بالخصوص بگ باس 16 میں شرکت کے بعد عروج پر پہنچی۔ 2024 میں انہوں نے دبئی کے کوکا کولا ایرینا میں باکسنگ ڈیبیو کیا اور برطانیہ میں اپنا ریسٹورنٹ برانڈ حببی بھی لانچ کیا۔
اسی سال عبدو روزک سے بھارت کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ بھی کی تھی جو ایک ہاسپیٹیلیٹی کمپنی سے متعلق تھا، تاہم انہیں اس کیس میں ملزم نامزد نہیں کیا گیا تھا۔







