عالمی خبریں

ویڈیو: اٹلی میں شخص طیارے کے انجن میں کود گیا، ہلاکت کی تصدیق

خلیج اردو
میلان: اٹلی کے میلان برگامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک شخص طیارے کے انجن میں کود کر ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ 8 جولائی کو پیش آیا جب مذکورہ شخص نے سیکیورٹی کو چکمہ دے کر ایئرپورٹ کے رن وے تک رسائی حاصل کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، عینی شاہدین نے دیکھا کہ وہ شخص الٹی سمت میں گاڑی چلاتے ہوئے ایئرپورٹ میں داخل ہوا، گاڑی کو ایک طرف چھوڑا اور ایمرجنسی ایگزٹ کے ذریعے رن وے کی طرف دوڑ پڑا۔ اس دوران طیارہ روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق، وہ شخص نہ تو مسافر تھا اور نہ ہی ایئرپورٹ کا ملازم۔ ایئرپورٹ ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ شخص جان بوجھ کر طیارے کے انجن کی طرف بڑھا اور خود کو اس میں جھونک دیا۔ پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی نے اُسے روکنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے۔

یہ واقعہ اسپین کی کم لاگت ایئرلائن "Volotea” کی پرواز V73511 کے ساتھ پیش آیا، جو برگامو سے اوویڈو جا رہی تھی۔ ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا:

"ہم افسوس کے ساتھ تصدیق کرتے ہیں کہ برگامو ایئرپورٹ پر 10:35am پر پیش آنے والے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا، جو نہ پرواز کا حصہ تھا اور نہ ہی کمپنی سے منسلک۔ تمام 154 مسافر اور 6 عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔ ہم نفسیاتی معاونت فراہم کر رہے ہیں اور اطالوی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔”

واقعے کے بعد پرواز کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا اور رن وے پر سرگرمیاں کچھ دیر کے لیے معطل رہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button