
خلیج اردو
دبئی: مرگی کے ایک اچانک دورے کے دوران جب نور البناۓ نے اپنے والد عبدالحکیم کو زمین پر گرتے دیکھا، تو یہ واقعہ ان کی زندگی کا رخ بدلنے کا باعث بن گیا۔ ایک بیٹی کی طرف سے والد کو محفوظ رکھنے کی خواہش سے شروع ہونے والا سفر ایک ایسی انقلابی موبائل ایپ کی صورت اختیار کر گیا جو نہ صرف ان کے والد بلکہ پورے معاشرے کے مریضوں کے لیے زندگی بچانے کا ذریعہ بن چکی ہے۔
نور البناۓ کی تیار کردہ ایپی وئیر (Epiware) ایپ ایک جدید نظام ہے جو اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجی، پہننے کے قابل آلات اور موبائل ایپ کو مربوط کرتا ہے۔ یہ نظام مرگی کے دورے کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو خبردار کرتا ہے، ڈاکٹر کو اطلاع دیتا ہے اور مریض کی مکمل رپورٹ خودکار طور پر تیار کرتا ہے۔
نور نے بتایا: "میں صرف ایک بچی تھی جو اپنے والد کو محفوظ دیکھنا چاہتی تھی، کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ میں کچھ ایسا بنا سکوں گی جو ان کی زندگی ہی بدل ڈالے۔”
والد کی بیماری سے مشن کا آغاز
عبدالحکیم البناۓ ایک خوش مزاج، محفل دوست شخصیت کے حامل تھے، لیکن جب انہیں اچانک مرگی کا دورہ پڑا تو سب کچھ بدل گیا۔ شدید سر درد کے بعد وہ زمین پر گر پڑے اور ہسپتال میں تشخیص ہوئی کہ انہیں مرگی ہے۔ اس کے بعد وہ شدید خوف اور تنہائی کا شکار ہوگئے۔
نور نے کہا کہ انہیں ہر وقت اس بات کا خوف رہتا کہ اگر وہ یا گھر کے دیگر افراد موجود نہ ہوں تو ان کے والد کو کچھ ہو سکتا ہے۔ "یہی خوف میرا محرک بنا”، نور نے کہا، "میں نے حل تلاش کرنا شروع کیا، لیکن کچھ مؤثر نہ ملا، تو میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے خود کچھ بنانا ہوگا تاکہ کسی اور کو وہ سب نہ جھیلنا پڑے جو ہم نے جھیلا۔”
ایپی وئیر کی تعمیر کا سفر
نور کی یہ جدوجہد یونیورسٹی کے آخری سال میں شروع ہوئی، جب ان کے والد کی بیماری نے شدت اختیار کی۔ انہوں نے تحقیق شروع کی، ڈاکٹروں سے مشورے لیے اور مرگی کی اقسام کو سمجھا۔ ٹیکنالوجی اور طب دونوں میں تجربہ نہ ہونے کے باوجود، نور نے ماہرین کی مدد سے اس خواب کو حقیقت بنایا۔
ایپی وئیر ایک مکمل نظام ہے جو دماغی لہروں، جسمانی درجہ حرارت اور دیگر اہم علامات کو مسلسل مانیٹر کرتا ہے۔ جیسے ہی کسی بھی دورے کی علامات سامنے آئیں، یہ نظام فوری طور پر مدد فراہم کرنے کے اقدامات شروع کر دیتا ہے۔
بدنامی اور غلط فہمیوں کے خلاف پیغام
عبدالحکیم کے لیے یہ ایک نئی زندگی ہے۔ وہ کہتے ہیں: "ایسا لگتا ہے جیسے ایک بیج اگ رہا ہو۔ نور نے نہ صرف میری مدد کی بلکہ بہت سے دوسرے لوگوں کے لیے امید کا دروازہ کھولا ہے۔”
نور نے کہا: "مرگی ایک دماغی مرض ہے، کوئی آسیب یا جن نہیں۔ لوگ دوروں کے باعث اچانک موت کا شکار بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے آگاہی بہت ضروری ہے۔”
نور البناۓ کی اس ایپ نے نہ صرف طبی جدت کی نئی راہیں کھولی ہیں بلکہ مرگی جیسے بیماریوں سے جڑی معاشرتی غلط فہمیوں کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی دیا ہے۔







