
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ اسکیمیں متعارف کروا کر لوگوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اتوار کے روز جاری بیان کے مطابق، یہ چار رکنی گروہ خود کو معروف ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کا نمائندہ ظاہر کرتا تھا۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں مشتبہ افراد کے چہرے دھندلے کیے گئے ہیں، جنہوں نے فون کالز اور سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے متاثرین کو فوری اور زیادہ منافع کا جھانسہ دیا، جس کے بعد متاثرہ افراد نے بڑی رقم ان کے کہنے پر بیرونِ ملک بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد کی گئی۔ دریں اثنا، خلیج ٹائمز کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایک منظم نیٹ ورک جعلی کال سینٹرز، فرضی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز اور شیل کمپنیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو لوٹ رہا تھا۔
اس نیٹ ورک میں شامل مشکوک پلیٹ فارمز میں سگما ون کیپیٹل، ڈٹ ایف ایکس، ای وی ایم پرائم، یو ٹریڈ، ایوا مارکیٹس اور کور فنانشل مارکیٹس شامل ہیں، جن کی وجہ سے حالیہ مہینوں میں سیکڑوں سرمایہ کار شدید مالی نقصان کا شکار ہوئے۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، گلف فرسٹ کمرشل بروکرز کے بند ہونے اور فرار کے بعد درجنوں متاثرین اور سابق ملازمین نے سامنے آ کر مزید انکشافات کیے، جس سے تحقیقات کو وسعت ملی۔
اعداد و شمار کے مطابق، حالیہ برسوں میں ہزاروں افراد اپنی جمع پونجی ان جعلی اسکیموں میں کھو چکے ہیں۔ حالیہ مثال بلیو چپ کی ہے، جس نے مارچ میں ادائیگیاں بند کر کے مبینہ طور پر 25 کروڑ درہم کے ساتھ غائب ہو گئی۔
پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ سرمایہ کاری کی پیشکش کرنے والے افراد یا اداروں سے ہوشیار رہیں، اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دبئی پولیس کی ای کرائم ویب سائٹ، موبائل ایپ یا 901 پر دی جائے۔







