متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں عدالتی فیسوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل کرنسی متعارف

خلیج اردو
ابوظبی: ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ (ADJD) نے عدالتی اور قانونی خدمات کی فیسوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل کرنسی قبول کرنا شروع کر دی ہے، جس کے بعد یہ اقدام اپنانے والا مشرق وسطیٰ کا پہلا سرکاری ادارہ بن گیا ہے۔

یہ پیش رفت مقامی مالیاتی ادارے "الماریہ بینک” کے ساتھ کیے گئے ایک اسٹریٹجک شراکتی معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے، جس کے بعد صارفین "AE Coin” نامی اسٹیبل کوائن کے ذریعے فیسیں ادا کر سکیں گے۔ یہ کوائن متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک سے ریگولیٹڈ ہے اور "AEC Wallet” کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس نظام کی مدد سے صارفین کو روایتی طریقوں کے مقابلے میں ایک محفوظ، مکمل طور پر ڈیجیٹل اور تیز رفتار متبادل میسر آ سکے گا۔

ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے انڈر سیکریٹری، کونسلر یوسف سعید العبری نے اس معاہدے کو محکمے کی ترقیاتی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا۔

الماریہ بینک کے سی ای او محمد وسیم خیاتہ کا کہنا تھا کہ "یہ صرف تکنیکی پیش رفت نہیں بلکہ ایک محفوظ اور جدید مالیاتی تجربے کی فراہمی ہے جو متحدہ عرب امارات کی اقدار اور مستقبل کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔”

"IED Stablecoin” کے جنرل مینیجر رامز رفیق نے کہا کہ "AE Coin کو خاص طور پر یو اے ای کے لیے محفوظ، موثر اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے، اور اس کی ایک نمایاں سرکاری ادارے کے ذریعے منظوری ہمارے اور پورے خطے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button