
خلیج اردو
غزہ: غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 56 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے امدادی سامان حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے 7 شہریوں کو بھی گولیوں کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔
غزہ کے دو اہم اسپتالوں کے سربراہان کو بھی اسرائیلی افواج نے اغوا کر لیا ہے، جس سے علاقے میں طبی امداد کی فراہمی مزید دشوار ہو گئی ہے۔ شہدا کی مجموعی تعداد 59 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
ادھر برطانیہ سمیت 25 ممالک نے غزہ میں جاری جنگ کو فوری طور پر روکنے اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ تقسیم کا مطالبہ کیا ہے۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں غزہ میں موجود اس کے صحافی شدید بھوک اور خطرات کا شکار ہیں۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو ان کے صحافی بھی بھوک سے شہید ہو سکتے ہیں، کیونکہ وہ اپنے ساتھیوں کو مرتے ہوئے مزید نہیں دیکھ سکتے۔







