
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے سوڈانی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ ایک اماراتی طیارہ، جو مبینہ طور پر کرائے کے کولمبین جنگجوؤں کو لے جا رہا تھا، دارفور کے علاقے میں تباہ کر دیا گیا ہے۔ سوڈانی فوج نے بدھ کے روز دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے۔
جمعرات کے روز ایک اماراتی اہلکار نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ "یہ بے بنیاد الزامات مکمل طور پر غلط، شواہد سے خالی اور سوڈانی حکومت کی جانب سے گمراہ کن معلومات اور الزام تراشی کی جاری مہم کا تسلسل ہیں۔”
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوڈان خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے اور مختلف فریق ایک دوسرے پر غیر ملکی مداخلت کے الزامات لگا رہے ہیں۔ امارات نے واضح الفاظ میں ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں "جھوٹا پروپیگنڈا” قرار دیا ہے۔







