
ڈیٹ لائن: کراچی، 7 اگست 2025
خلیج اردو
کراچی – لانڈھی انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک ایکسپورٹ فیکٹری میں لگنے والی شدید آگ بے قابو ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ عمارت کا ایک حصہ گر کر تباہ ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری کی بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑکی، جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ آگ کی شدت کے باعث دھوئیں کے بادل دور سے دکھائی دینے لگے اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کو آگ بجھانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے 8 فائر ٹینڈرز، 2 واٹر باؤزر اور 2 اسنارکلز موقع پر موجود ہیں اور مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق آگ اتنی شدید ہے کہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو چکا ہے جبکہ مزید نقصان کے خدشات کے پیش نظر اضافی فائر ٹینڈرز طلب کر لیے گئے ہیں۔






