
خلیج اردو
دبئی: البرشاء کے علاقے میں، مال آف دی امارات کے قریب ایک 14 منزلہ رہائشی عمارت میں منگل کی دوپہر آگ بھڑک اٹھی جسے دبئی سول ڈیفنس نے فوری کارروائی کے بعد قابو میں لے لیا۔ آگ لگنے کا واقعہ دوپہر تقریباً 2 بجے پیش آیا اور اطلاع ملتے ہی فائرفائٹرز صرف چھ منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
سول ڈیفنس حکام نے تصدیق کی کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ آگ بجھانے کے بعد کولنگ آپریشن شام تک جاری رہا جس کے بعد عمارت کو متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے دبئی سول ڈیفنس نے جدید ’’شاہین ڈرونز‘‘ بھی استعمال کیے۔ یہ ڈرونز خاص طور پر 200 میٹر تک بلند عمارتوں میں ہنگامی صورتحال کے لیے بنائے گئے ہیں اور ان میں 1200 لیٹر پانی یا فوم لے جانے کی گنجائش موجود ہے۔ ڈرونز کی مدد سے آگ کو تیزی سے قابو کیا گیا اور مزید پھیلنے سے روکا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھواں سب سے پہلے چوتھی منزل سے اٹھتا دیکھا گیا جو آگ لگنے کا ابتدائی مقام بتایا جا رہا ہے۔ دسویں منزل کی رہائشی سحر نے بتایا کہ پڑوسی کی مدد سے وہ، ان کی آیا اور بچہ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ ایک اور رہائشی میرا، جو فلپائنی نژاد ہیں، نے کہا کہ کھانے کے دوران باہر شور سن کر دیکھا تو عمارت کی بالائی منزل آگ کی لپیٹ میں تھی۔
جس عمارت میں آگ لگی وہ صالح بن لاحج بلڈنگ ہے جو مال آف دی امارات سے چند میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہی علاقہ گزشتہ سال 30 دسمبر کو ایک اور رہائشی بلاک میں آگ لگنے کے واقعے کا بھی سامنا کر چکا ہے۔ اسی علاقے میں رواں برس 13 مئی کو گیس لیکج کے باعث 13 منزلہ الزرعونی بلڈنگ میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی۔
ذرائع کے مطابق شام 5 بجے تک کولنگ آپریشن مکمل کیا جا رہا تھا اور حکام نے تصدیق کی کہ عمارت کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے جبکہ کسی قسم کی کوئی ہلاکت یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔







