
خلیج اردو
ریاض: سعودی عرب کے مفتیٔ اعظم اور سینئر علما کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ کے انتقال کی تصدیق کردی گئی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہی دیوان نے اعلان کیا کہ شیخ عبدالعزیز کے انتقال سے مملکت اور اسلامی دنیا ایک عظیم عالمِ دین سے محروم ہوگئی ہے، جنہوں نے دینِ اسلام اور امت مسلمہ کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مرحوم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ 1999 میں مفتیٔ اعظم مقرر ہوئے تھے، اس سے قبل مفتیٔ اعظم شیخ عبدالعزیز بن باز کے انتقال کے بعد یہ منصب ان کے سپرد کیا گیا تھا۔ وہ جنرل پریذیڈنٹ آف شریعت ریسرچ اینڈ افتاء اور مسلم ورلڈ لیگ کی سپریم کونسل کے چیئرمین بھی رہے۔
ان کی نمازِ جنازہ آج عصر کی نماز (سعودی وقت 3:12 بجے) کے بعد امام ترکی بن عبداللہ مسجد ریاض میں ادا کی جائے گی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت دی ہے کہ ان کے لیے مکہ مکرمہ کی مسجدالحرام، مدینہ منورہ کی مسجد نبوی اور پورے مملکت کی مساجد میں غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کی جائے۔
شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مرحوم کے اہلِ خانہ، سعودی عوام اور امتِ مسلمہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔







