خلیجی خبریں

امریکی صدر کا بڑا اعلان: ایران جنگ جاری رکھنے اور آئندہ ہفتوں میں سخت حملوں کی دھمکی

خلیج اردو
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں کے دوران ایران پر مزید سخت اور فیصلہ کن حملے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو “پتھر کے زمانے میں پہنچا دیں گے” اور اس کے تیل کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران جنگ کا مشکل مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اب ایران بڑا خطرہ نہیں رہا۔ ان کے بقول ایران کے ایٹم بم بنانے کی صلاحیت ختم کر دی گئی ہے اور جنگ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چار ہفتوں میں امریکہ نے اس جنگ میں تیزی اور فیصلہ کن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ کو مشرق وسطیٰ کے تیل یا وسائل کی ضرورت نہیں رہی کیونکہ امریکہ خود تیل اور گیس کا سب سے بڑا پیدا کرنے والا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کو آبنائے ہرمز کی بھی ضرورت نہیں، اور اگر تنازع ختم ہوا تو یہ گزرگاہ خود بخود کھل جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جبکہ اسرائیل، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین کو عظیم ممالک قرار دیا۔

یہ بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکہ ایک جانب فوجی دباؤ بڑھا رہا ہے تو دوسری جانب سفارتی راستہ بھی کھلا رکھنا چاہتا ہے، تاہم خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ برقرار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button