متحدہ عرب امارات

دبئی، دنیا کا واحد "فلائنگ آئی اسپتال” دبئی پہنچ گیا

خلیج اردو
دبئی: دنیا کا منفرد "فلائنگ آئی اسپتال” دبئی میں لینڈ کر گیا ہے۔ یہ اسپتال دراصل ایک کارگو طیارے کو جدید آنکھوں کے اسپتال میں تبدیل کر کے بنایا گیا ہے، جو دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کرتا ہے اور مقامی آنکھوں کے ماہرین کو تربیت فراہم کرتا ہے۔

بظاہر یہ جہاز عام سا نظر آتا ہے لیکن اندر اس کا ڈھانچہ مکمل طور پر اسپتال جیسا ہے۔ طیارے کے اگلے حصے میں ایک "کلاس روم” موجود ہے جہاں ماہرینِ چشم سرجنز کے ساتھ براہِ راست تربیتی سیشن میں شریک ہوتے ہیں۔ درمیانی حصے میں انتظامی و آبزرویشن روم موجود ہے جو عام اسپتال کے کلینک جیسا ہے۔

"اوربس فلائنگ آئی اسپتال” کا یہ دورہ دبئی گڈ وِل ٹور کے تحت 30 ستمبر کو شروع ہوا تھا اور یہ جمعہ کے روز اپنی آنکھوں کی صحت سے متعلق آگاہی مہم کو جاری رکھنے کے لیے اگلے مقام کی جانب روانہ ہوگا۔

یہ طیارہ اب تک 84 ممالک کا سفر کر چکا ہے، جن میں سے اکثر کے پاس آنکھوں کے مریضوں کے علاج کی مناسب سہولتیں موجود نہیں تھیں۔ گزشتہ دس برسوں میں اس اسپتال نے 2 کروڑ 23 لاکھ سے زائد آنکھوں کے معائنے کیے، 4 لاکھ 36 ہزار سے زائد تربیتی سیشنز منعقد کیے اور 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد جان بچانے والی سرجریز اور لیزر ٹریٹمنٹس انجام دی ہیں۔

حالیہ برسوں میں اسپتال نے 3D سرجیکل اسٹریمنگ اور "سائبر سائٹ” ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے آنکھوں کے شعبے کے ماہرین کو دنیا بھر میں تربیت اور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button