
خلیج اردو
دنیا کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی اے 6) کی لانچنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ 13 سال کے طویل انتظار، دو مرتبہ تاخیر اور متعدد لیکس کے بعد بدھ کے روز نیوزی لینڈ میں گیمرز نے گیم کھیلنا شروع کردی۔ جی ٹی اے 6 کو اب تک کی سب سے مہنگی اور کامیاب ویڈیو گیم قرار دیا جارہا ہے، جس کی تیاری پر ایک ارب سے ڈیڑھ ارب ڈالر تک خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔
گیم کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز کنسولز پر ہر ملک میں مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی رات 12 بجے دستیاب کیا گیا۔ نیوزی لینڈ میں وقت کے فرق کے باعث اس کی لانچنگ سب سے پہلے ہوئی، جہاں بدھ کے روز صبح 11 بجے جی ایم ٹی کے مطابق گیمرز نے کھیلنا شروع کیا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں کئی کھلاڑیوں نے جلد گیم کھیلنے کے لیے اپنے گیمنگ کنسولز کی لوکیشن بھی نیوزی لینڈ تبدیل کرلی۔
آسٹریلوی طالب علم رائلی فینل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ طویل عرصے سے جی ٹی اے کھیل رہے ہیں اور اس نئی گیم کے حوالے سے ان کا جوش اور انتظار غیر معمولی ہے۔
گیم کی تیاری کرنے والے ادارے راک اسٹار گیمز نے ابھی تک ابتدائی فروخت کے سرکاری اعدادوشمار جاری نہیں کیے، تاہم گیمنگ انڈسٹری پر نظر رکھنے والی کمپنی سینسر ٹاور کے اندازے کے مطابق جی ٹی اے 6 کی پیشگی فروخت 15 ملین کا ہندسہ عبور کرچکی ہے۔ اس حساب سے گیم کی باضابطہ لانچنگ سے پہلے ہی اس کی آمدن ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ برطانوی تجزیاتی ادارے اومڈیا نے اندازہ لگایا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک اس کی فروخت 3.2 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
نیو یارک یونیورسٹی کے اسٹرن اسکول آف بزنس کے پروفیسر یوست وین ڈر ڈوئنن نے جی ٹی اے 6 کی مقبولیت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کنسرٹ یا فلم کی ریلیز نے بھی اس پیمانے پر سرمایہ پیدا نہیں کیا۔ ان کے مطابق یہ ویڈیو گیمز کی دنیا کی ٹیلر سوئفٹ ہے۔
راک اسٹار گیمز کی پیرنٹ کمپنی ٹیک ٹو انٹرایکٹو نے گیم کو صرف ویڈیو گیم کے بجائے ایک بڑے ثقافتی رجحان کے طور پر متعارف کرانے کے لیے وسیع تشہیری مہم شروع کی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی مقبولیت کے اثرات دیگر تفریحی شعبوں، خصوصاً اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
جی ٹی اے 6 کی ریلیز کے لیے دنیا بھر میں شائقین نے اپنی ملازمتوں سے چھٹیاں بھی حاصل کی ہیں۔ برلن میں مقیم 27 سالہ یوکرینی گیمر دمترو شمبارا نے بتایا کہ وہ اس موقع کے لیے چار روز کی چھٹی لے رہے ہیں اور کافی عرصے سے اس پہلے گیمنگ سیشن کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ملازمین کے لیے ریموٹ نامی ہیومن ریسورس پلیٹ فارم کے مطابق 19 نومبر کے آس پاس دنیا بھر میں چھٹیوں کی درخواستوں میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جی ٹی اے 6 کو اپنے سابقہ حصوں کے مقابلے میں زیادہ وسیع، بہتر اور حقیقت سے قریب تر قرار دیا جارہا ہے۔ اس کی کہانی لیونیڈا نامی ایک فرضی امریکی ریاست میں آگے بڑھتی ہے، جسے امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔ گیم میں بونی اور کلائیڈ جیسے جرائم پیشہ جوڑے کی طرز پر دو مرکزی کردار دکھائے گئے ہیں، جو جرائم سے متاثرہ شہر وائس سٹی میں زندہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
جی ٹی اے سیریز اپنی ابتدا سے ہی فرضی شہروں کی حقیقت سے قریب تر عکاسی اور کھلاڑیوں کو وسیع آزادی فراہم کرنے کے باعث مقبول رہی ہے۔ اس میں کھلاڑی گاڑیاں چلانے، طیارے اڑانے اور اسکائی ڈائیونگ سمیت مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ نئی گیم میں حقیقت پسندی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، جہاں کرداروں کی جسمانی ساخت اور ظاہری حالت ان کی خوراک سے متاثر ہوگی، جبکہ کھلاڑیوں کو دونوں مرکزی کرداروں کے درمیان تعلق مضبوط بنانے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
گیم کی باضابطہ ریلیز سے قبل منگل کے روز گیم ایوارڈز میں بھی اسے آٹھ نامزدگیاں مل چکی ہیں۔ یہ امریکی ایوارڈز تقریب 10 دسمبر کو منعقد ہوگی، جس میں سال کی بہترین ویڈیو گیمز کو اعزازات دیے جائیں گے۔
جی ٹی اے سیریز کی مقبولیت کے ساتھ اس پر تشدد اور غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں۔ گیم میں کھلاڑی راہ گیروں کو گاڑیوں سے کچل سکتے ہیں، منشیات فروخت کرسکتے ہیں اور پولیس پر فائرنگ کرسکتے ہیں۔ لندن کی کنگز کالج کے ڈیجیٹل کلچرز کے لیکچرر پاؤلو روفینو کے مطابق یہ سیریز تشدد، بدسلوکی، ہراسانی اور صنفی کرداروں کی متنازع عکاسی کے حوالے سے مشہور رہی ہے۔
راک اسٹار گیمز نے نئی قسط کی تیاری پر آٹھ سال سے زیادہ عرصہ صرف کیا۔ کمپنی نے 2018 میں اپنی سابقہ گیم ریڈ ڈیڈ ریڈمپشن 2 کی ریلیز کے بعد جی ٹی اے 6 پر باقاعدہ کام شروع کیا تھا۔ 2022 میں گیم سے متعلق حساس معلومات اور چوری شدہ ویڈیوز آن لائن سامنے آنے کے بعد اس کی ریلیز دو مرتبہ مؤخر کرنا پڑی، جبکہ گزشتہ موسم گرما میں بھی لیکس کا نیا سلسلہ سامنے آیا۔
راک اسٹار گیمز کے دنیا بھر میں 12 اسٹوڈیوز اور 4 ہزار 700 سے زائد ملازمین ہیں۔ سیریز کے متنازع مواد اور تشدد کی عکاسی کے باعث بعض ممالک میں اس پر پابندی بھی عائد کی جاچکی ہے۔ روس، چین، لبنان اور قطر میں فی الحال گیم کی باضابطہ ریلیز کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔







