عالمی خبریں

5۔ فن لینڈ نے روسی کھلاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگادی، شینگن ویزا رکھنے کے باوجود کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت ممکن نہیں ہوگی

خلیج اردو
فن لینڈ نے روسی شہریوں اور خصوصاً روسی کھلاڑیوں کے داخلے سے متعلق پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔ نئے ضابطے 16 نومبر 2026 سے نافذ ہوگئے ہیں، جن کے تحت روسی شہری شینگن ویزا رکھنے کے باوجود فن لینڈ میں صرف ایسے کاموں کے لیے داخل ہوسکیں گے جنہیں ملک کے قومی مفاد کے لیے ضروری قرار دیا جائے گا۔ کھیلوں کی سرگرمیاں اس استثنا میں شامل نہیں ہوں گی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فن لینڈ کی حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی ان روسی کھلاڑیوں پر بھی لاگو ہوگی جو بین الاقوامی مقابلوں میں غیر جانب دار حیثیت سے حصہ لینے کی اجازت حاصل کرچکے ہیں۔ اس فیصلے کے باعث روسی کھلاڑی رواں ماہ کے آخر میں فن لینڈ کے علاقے روکوا میں ہونے والے کراس کنٹری اسکیئنگ ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا ہے کہ روس کی یوکرین کے خلاف جنگ جاری رہنے کے دوران روسی کھلاڑیوں کی فن لینڈ آمد مناسب نہیں اور ان کی موجودگی ملک کے بین الاقوامی تعلقات کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

رائٹرز کے مطابق پولینڈ بھی روسی اسکی جمپنگ کھلاڑیوں کو آئندہ مقابلوں کے لیے ویزے دینے سے انکار کرچکا ہے، جبکہ کینیڈا نے بھی روسی کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو جونیئر آئس ہاکی ورلڈ چیمپئن شپ میں داخلے سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔

اس فیصلے کے اثرات آئندہ دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ فن لینڈ میں آئندہ سال ہونے والی عالمی فگر اسکیٹنگ چیمپئن شپ کے حوالے سے انٹرنیشنل اسکیٹنگ یونین نے بھی وضاحت طلب کی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button