عالمی خبریں

کینیڈا میں ایک لاکھ افراد کے لیے مستقل رہائش کا راستہ، پہلے سے مقیم غیر ملکی کارکنوں اور خاندانوں کو فائدہ

خلیج اردو
کینیڈا نے ملک میں پہلے سے مقیم غیر ملکی کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے مستقل رہائش حاصل کرنے کے مواقع بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔ نئی عارضی پالیسی کے تحت صوبوں اور علاقوں کو اضافی گنجائش فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے 2027 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ تک کارکنوں اور ان کے خاندانوں کو مستقل رہائش دی جاسکے گی۔

کینیڈا کی وزیر امیگریشن لینا میٹلیج ڈیاب نے 12 نومبر کو اس منصوبے کی مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام ایسے غیر ملکی کارکنوں کے لیے ہے جو پہلے ہی کینیڈا میں رہ رہے ہیں، مختلف اہم شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور مقامی معیشت میں کردار ادا کررہے ہیں۔

اس منصوبے کے تحت صوبائی اور علاقائی حکومتوں کو اضافی صوبائی نامزدگی پروگرام کی گنجائش دی جائے گی۔ صوبے اپنی ضرورت کے مطابق ان کارکنوں کا انتخاب کرسکیں گے جو ان کی کمیونٹیز میں پہلے سے آباد ہیں اور جن کی خدمات مقامی لیبر مارکیٹ کے لیے اہم ہیں۔ اس اضافی گنجائش کو 31 مارچ 2027 تک استعمال کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق اس اقدام سے ایسے افراد کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے جنہوں نے پہلے ہی مستقل رہائش کے لیے درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں اور وہ فیصلے کے منتظر ہیں۔ اس میں بعض وفاقی امیگریشن پروگراموں کے درخواست گزار بھی شامل ہیں۔

تاہم یہ اعلان کینیڈا میں مستقل رہائش کے لیے کوئی نیا کھلا پروگرام نہیں ہے اور نہ ہی بند کیے گئے امیگریشن راستے دوبارہ کھولے گئے ہیں۔ اس لیے بیرونِ ملک موجود ہر شخص اس سہولت کے تحت براہ راست درخواست دینے کا اہل نہیں ہوگا۔ بنیادی طور پر یہ اقدام کینیڈا میں پہلے سے موجود اہل کارکنوں اور مخصوص دیگر درخواست گزاروں کے لیے ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button